بنگلورو، 9؍دسمبر(ایس او نیوز)قانون ساز کونسل کے لئے10دسمبر کو انتخابات ہو نے والے ہیں،پو لنگ کے لئے بنگلور شہر ضلع انتظامیہ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ووٹرس کو کووِڈ ویکسین حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
اس سلسلہ میں اپنے دفتر میں اخباری کانفرنس کے دوران تفصیلات پیش کر تے ہو ئے بنگلور شہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر جے منجوناتھ نے اس بات کی جانکاری دیتے ہو ئے بتا یا کہ انتخابات کی ڈیوٹی انجام دینے والے افسران،ملازمین اور ووٹرس کو کووِڈ ویکسین حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ ویکسین لئے جانے کی سرٹی فکیٹ کو انتخابی افسران مکمل طور پر جانچ کریں گے۔انہوں نے بتا یا کہ بیلٹ پیپر اس انتخابات میں سب سے اہم ہے،اس بیلٹ پیپر کو باہر لے جا یا گیا یا اس کا غلط استعمال کیا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا ئے گی۔
انہوں نے بتا یا کہ پو لنگ سے72گھنٹے قبل ہی عوامی اجلاس، ریلی نکڑ ناٹک،بائیک ریلی پر پابندی رہے گی،پو لنگ کے دوران کووڈ ضوابط پر سختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ یلہنکا، آنیکل، بنگلورنارتھ سمیت بنگلور شہری ضلع میں جملہ 2,073ووٹرس موجود ہیں،اس کے لئے 83پولنگ بوتھس قائم کئے گئے ہیں،ان میں 3زیادہ حساس اور38حساس پو لنگ بوتھس کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتا یا کہ ووٹرس کو پو لنگ بوتھس تک لانے اور لے جانے کے لئے17بنگلور میٹرو پا لیٹن ٹرانسپورٹ کارپوریشن(بی ایم ٹی سی) کی17بسوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں،اسی طرح 5تعلقہ میں جملہ17سکٹرس افسران اور15ایم سی سی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے بتا یا کہ پو لیس بندوست کے لئے بنگلور شہر اور دیہی اور رام نگرم اضلاع کی پولیس کو تعینات کیا جا ئے گا۔انہوں نے بتا یا کہ4ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس،18 انسپکٹرس سمیت جملہ313پو لیس اہلکاروں کو بندوبست کیلئے تعینات کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ انتخابات کے متعلق کسی بھی تفصیلات کیلئے فون نمبر080-22211106 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ انتخابات کو امن وامان کے ساتھ منعقد کرنے کے مقصدسے8دسمبر کی شام4بجے سے10دسمبر کی رات10بجے تک شراب کی فروخت پر پابندی لگا ئی گئی ہے۔
جے منجوناتھ نے بتا یا کہ14دسمبر کو شہر کی مہا رانی وومنس سائنس کالج میں ووٹوں کی گنتی صبح8بجے سے شروع ہو گی،جس کے لئے بھی پو لیس کا معقول بندو بست کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ جن مقامات میں انتخابات ہو رہے ہیں وہاں پر8تا 11 دسمبر دفعہ 144نافذ کیا گیا ہے۔